جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک، 2 فوجی شہید
جنوبی وزیرستان میں امن دشمنوں کیخلاف کارروائی کے دوران 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ دو جوان فرض پر قربان ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے زرملان میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے دہشتگردوں کے مقام کا پتہ لگایا، اسی دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں سرگرم رہے۔
بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو جوان فرض پر قربان ہو گئے، شہید ہونے والوں میں لانس نائیک شعیب علی اور سپاہی رفیع اللہ شامل ہیں