طورخم سرحد کھلنے کے بعد اشیا سے لدی 800 گاڑیاں افغانستان میں داخل
طورخم بارڈر کی اچانک بندش کے 6دن کے وقفے کے بعد دوطرفہ تجارت دوبارہ شروع ہونے پر سامان سے لدی 800 سے زائد گاڑیاں ہفتے کے روز افغانستان پہنچ گئیں۔ کسٹم حکام کے مطابق کہ 6روزپہلے ہی سرحد کی بندش سے قبل ٹرانزٹ اشیا سے لدی 500گاڑیاں اور پاکستانی برآمدی اشیا کی 380گاڑیاں پہلے ہی کلیئر کی جاچکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ہفتے کی صبح سرحدی گزرگاہ ٹرانسپورٹ کے لیے کھولی گئی تو پہلے ان تمام کلیئر گاڑیوں کو افغانستان جانے کی اجازت دی گئی۔اسی طرح تازہ پھلوں، کوئلے اور صابن کے پتھروں سے لدی سیکڑوں گاڑیاں بھی افغان جانب سے پاکستان میں داخل ہوئیں جس سے ٹرانسپورٹرز کی مشکلات کا خاتمہ ہوا۔