خیبرپختونخوا: ’انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے پولیس کی نفری ناکافی
خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلی محمد اعظم خان کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، سیکرٹری داخلہ اور پولیس کے دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں عام انتخابات کے تناظر میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ کو سکیورٹی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پہلی دفعہ صوبے کے ضم اضلاع اور بندوبستی اضلاع میں عام انتخابات بیک وقت منعقد ہوں گے، موجودہ صورتحال میں پولیس کی دستیاب افرادی قوت عام انتخابات کی سیکیورٹی کے لیے ناکافی ہے
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کو ضم اضلاع اور بندوبستی اضلاع میں بیک وقت انتخابات کی سیکیورٹی کے لیے 56 ہزار سے زائد اضافی نفری درکار ہے اور انتخابی مہم کے دوران اہم سیاسی قائدین کی سیکیورٹی کے لیے فرنٹئیر کور کی 1500 نفری درکار ہے.
وزیراعلی خیبرپختونخوا متعلقہ حکام کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ اور سفارشات کی روشنی میں گورنر خیبر کو صورتحال سے تحریری طور پر اگاہ کریں گے.