خیبرپختونخوا؛ بھتہ خوری کیسز سے نمٹنےکیلئے فنانشل کرائم یونٹ قائم کرنےکا فیصلہ
خیبرپختونخوا میں بھتہ وصولی کے لیےکالز میں اضافہ ہوا ہے،حکام کے مطابق بھتےکے لیے بیشترکالز افغانستان کے نمبروں سے آتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئی جی پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان گنڈا پور نے فنانشل کرائم یونٹ قائم کرنےکا فیصلہ کیا ہے، ڈی آئی جی سطح کا پولیس افسر فنانشل کرائم یونٹ کا سربراہ ہوگا۔
حکام کے مطابق بھتا کالز کیسز میں ملزمان کی نشاندہی اورگرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائےگی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حکام نے بھتہ کالز کا معاملہ افغانستان کے ساتھ اٹھانےکا بھی فیصلہ کیا ہے، افغان حکومت سے بھتہ خوروں کے خلاف کارروائی کے لیے تعاون مانگا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو میں آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ فنانشل کرائم یونٹ کے قیام کا مقصد دہشت گردی میں استعمال ہونے والے پیسوں کے ذرائع کو روکنا ہے، منی لانڈرنگ کا سدباب اور بھتہ خوری کیسز سے نمٹنےکے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور منی لانڈرنگ اب برداشت نہیں ہوگی۔