خیبرپختونخوا میں ہزاروں غریب بچوں کا عالمی معیار کے مطابق مکمل اور مفت علاج کے پروگرام کا آغاز
پیراپلیجک سنٹر پشاور نے پیدائشی ٹیڑھے پاؤں والے بچوں کے علاج کا بیڑا اُٹھانے والی امریکی بین الاقوامی تنظیم ''میرا کل فٹ یو ایس'' کے تعاون سے خیبرپختونخوا میں ہزاروں غریب بچوں کا عالمی معیار کے مطابق مکمل اور مفت علاج کا پروگرام شروع کیا ہے اس مقصد کیلئے نہ صرف پشاور کے بہترین طبی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں بلکہ انہیں جدید ترین انداز میں تربیت دینے کیلئے غیر مُلکی ٹرینرز بھی متعین کئے گئے ہیں۔
پروگرام کے تحت مفت اور مکمل علاج کے ساتھ ساتھ غریب والدین کو آمدورفت کا سفری خرچہ بھی دیا جاتا ہے تاکہ کوئی بچہ والدین کی غُربت کی وجہ سے مستقل معذوری کا شکار نہ رہنے پائے ۔
واضح رہے کہ پاکستان بھر میں ہر سال اوسطاً 7458 بچے ٹیڑھے پاؤں کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں جو بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں مستقل معذوری کا شکار ہو سکتے ہیں خوش قسمتی سے کلب فٹ کا مکمل علاج ممکن ہے لیکن کافی صبرآزما اور مہنگا ہونے کی وجہ سے بہت سارے غریب بچے علاج سے محروم رہ جاتے ہیں