قومی روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 17 فروری سے پشاور میں شروع ہوگی
پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اور خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے 7 ویں قومی روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ (میلز/ ویمنز) ایلیٹ اور جونیئر مقابلے 17 فروری سے بیس فروری تک پشاور میں ہورہے ہیں یہ ریس ناردرن بائی پاس روڈ (موٹروے) پشاور پر ہوگی جس کے لئے تمام تیاریاں و انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
ٹیمیں آج پشاور پہنچ رہی ہیں اس ایونٹ میں گیارہ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس میں بائیکستان‘ گلگت بلتستان‘ اسلام آباد‘پاکستان آرمی‘واپڈا سمیت دیگر الحاق شدہ یونٹس کی ٹیمیں شامل ہیں یہ سرکٹ ریس ہے جو ایشین اور یو سی آئی قوانین کے تحت کھیلی جارہی ہے 13.5 کلومیٹر کا ایک لوپ ہوگا‘جمعہ کو صبح آٹھ بجے ریس کا افتتاح ہوگا جبکہ اختتامی تقریب بیس فروری کو سہ پہر منعقد کی جائے گی۔