وزیراعظم کی آدیامان میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف پاکستانی ریسکیو ٹیموں سے ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف دورہ ترکیہ کے دوران انقرہ سے آدیامان پہنچ گئے جہاں امدادی سرگرمیوں میں مصروف پاکستانی ریسکیو ٹیموں سے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہاز شریف کا آدیامان میں خطاب کے دوران کہنا تھا کہ ترکیہ پاکستان کا دیرینہ دوست اور برادر اسلامی ملک ہے۔ ترکیہ نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی۔ پاکستانی اور ترکیہ کی عوام ایک خاندان کی طرح ہیں۔ مل کر اس مشکل صورتحال کا مقابلہ کریں گے۔
صدر طیب اردگان کی قیادت میں ترکیہ اس مشکل صورتحال سے جلد نکل جائے گا، ان سے ملاقات میں فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان فی الوقت سردیوں کے خیمے بھیجے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آدیامان میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والی پاکستانی ریسکیو ٹیموں سے ملاقات کی اور نازک وقت میں ترک بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر انسانیت کیلئے ان کی خدمات کو سراہا۔