خیبر پختونخوا میں جعلی میجر گرفتار، ’10مرتبہ‘ منشیات سمگل کرنے کا اعتراف
خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پولیس نے ایک شخص کی گاڑی سے 60 کلوگرام چرس برآمد کی ہے جس نے جعل سازی کر کے فوج میجر رینک کے افسر کی وردی پہنی ہوئی تھی۔
سنیچر کو رات گئے محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر مردان میں ناکہ بندی پر ایک مشکوک گاڑی روکی جس میں موجود ایک باوردی شخص نے خود کو میجر ظاہر کیا تاہم جب ایکسائز پولیس کی جانب سے گاڑی کی تلاشی کا کہا گیا تو اس شخص نے فوراً گاڑی دوڑا دی۔
محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں کی جانب سے کافی دور تک تعاقب کرنے کے بعد گاڑی کو رسالپور پھاٹک کے پاس روک کر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم ایبٹ آباد کا رہائشی ہے جس نے میجر کی جعلی وردی پہنی ہوئی تھی اور گاڑی پر بھی جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگائی ہوئی تھی۔
ملزم کے خلاف منشیات سمگلنگ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پاکستان آرمی کو بدنام کرنے کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔