پاکستان کا ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے ایک اور امدادی کھیپ بھیجنے کا فیصلہ
پاکستان کی جانب سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرہ بہن بھائیوں کیلئے پاک بحریہ کے ذریعے ایک اور امدادی کھیپ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاک بحریہ کا جہاز 550 ٹن کا امدادی سامان لے کر 23 اور 30 مارچ کو بالترتیب ترکیہ اور شام پہنچے گا۔ مثاترین زلزلہ کیلئے این ڈی ایم اے کے اشتراک سے پاک بحریہ کا دوسرا جہاز امدادی سامان کی دوسری کھیپ کیلئے تیار کیا جا رہا ہے۔
ترکیہ کیلئے امدادی سامان میں ساڑھے 3 ہزار سردی اور آگ سے بچاؤ کیلئے خیمے، 38 ہزار کمبل اور 113 ٹن کا دیگر ضروریات زندگی کا سامان جبکہ شام کیلئے تیار شدہ سامان میں 21 ہزار سے زائد کمبل اور 113 ٹن سے زائد کا دیگر سامان شامل ہے۔
تمام تر انتظامات 9 سے 10 مارچ تک مکمل کر لئے جائیں گے تاکہ 11 مارچ کو امدادی سامان کو بذریعہ بحری راستے روانہ کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے این ڈی ایم اے اور افواج پاکستان مسلسل اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔