انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز پورے ملک میں کامیابی سے کیےجا رہے ہیں: آرمی چیف
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گزشتہ روز دہشت گردی کا نشانہ بننے والے کراچی پولیس آفس (کے پی او) کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کراچی پولیس چیف آفس کا دورہ کیا، آرمی چیف اور وزیراعلیٰ سندھ کو پولیس آفس حملے سے متعلق کور ہیڈکوارٹرز میں بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور وزیراعلیٰ سندھ نے حملے میں زخمی اہلکاروں کی عیادت بھی کی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا دہشت گردوں کا کوئی مذہب یا نظریہ نہیں ہوتا، گمراہ کن تصورکو لالچ اور دباؤ سے مسلط کیا جاتا ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا انسداد دہشت گردی کے لیے اعتماد اور مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے، پاکستانیوں نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مسترد کیا اور شکست دی، ہم مل کر خوشحال مستقبل کےلیے اس خطرے پر غالب آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش سیاسی اور دیگر معاملات کے برعکس سیکیورٹی فورسز کی توجہ صرف دہشت گردی کے انسداد اور انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں (آئی بی اوز) پر ہے جو کہ پورے ملک میں بھرپور کامیابی کے ساتھ جاری ہیں۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ کوئی بھی قوم اس طرح کے چینلجز پر قابو صرف حرکی کارروائیوں سے نہیں پاسکتی بلکہ اس کے لیے باہمی اعتماد، عوام کا عزم اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہوتی ہے