خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، بھتہ خور بہن بھائی گرفتار
خیبرپختونخوا میں بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات کے روک تھام کے لیے محکمہ انسداد دہشت گردی نے سرگرم بھتہ خور گروپوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ گزشتہ روز پشاور میں بڑی کارروائی کی گئی جس میں ایک خاتون سمیت تین بھتہ خور گرفتار ہوئے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دو بھتہ خوروں کا تعلق بڈھ بیر پشاورسے ہے، جبکہ ایک ساتھی افغانستان کا رہائشی ہے جو کالعدم تنظیم کے خاص کارندے ہیں۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق گرفتاربھتہ خوروں نے گلبہار سے دو کروڑ روپے کا بھتہ طلب کیا تھا اور پیسے نہ دینے پر دو مرتبہ ہینڈ گرنیڈ پھینکے تھے۔ ملزمان نے دو اور شہریوں سے 20 لاکھ روپے اور ایک کروڑ روپے الگ الگ طلب کیے اور دھمکانے کے لیے متعدد بار ہینڈ گرنیڈ کا حملہ بھی کیا تھا۔
سی ٹی ڈی کے افسر نے میڈیا کو بتایا کہ ’خاتون عائشہ بی بی اور اس کا بھائی یار محمد دونوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جو مختلف بھتہ خوری کے واقعات میں ملوث رہے ہیں۔ خاتون کے دو بچے بھی ہیں جن کو شوہر کے حوالے کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق خاتون سرمایہ دار کو ہدف بنانے کے بعد ریکی کرتی تھی اور معلومات ساتھی بھتہ خوروں تک پہنچاتی تھی۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کے حکام نے بتایا کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔