ضم شدہ اضلاع کی پولیس کوجدید سازو سامان سے لیس کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں ، آئی جی پولیس
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے ٹیلی کمیونیکیشن ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پشاور پولیس لائن دھماکے میں محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن کے شہید ہونے والے جوانوں کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر آئی جی پی نے قبائلی اضلاع کو فراہم کی جانے والی اے پی سیز کا معائنہ کیا۔ اے پی سیز ہائی فریکونسی جیمرز اور جدید مواصلاتی نظام سے لیس ہیں جو بالخصوص قبائلی اضلاع میں دہشت گردوں اور شرپسندوں کے کسی بھی مزموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ممدو معاون ثابت ہوں گی۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی اختر حیات خان نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کی پولیس کو ہر قسم کے جدید سازو سامان سے لیس کرنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے ، انہوں نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضم شدہ اضلاع کی پولیس بہت جلد مثالی پولیس فورس بن کرابھرے گی۔